شلپا شیٹی کے شوہر فحش فلموں کے کیس میں گرفتار

376

بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو ممبئی پولیس نے فحش فلموں کے کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے راج کندرا کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا اور وہ اس کیس میں اہم ملزم ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راج کندرا کے خلاف ان کے پاس کافی ثبوت موجود ہے تاہم کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے ممبئی پولیس کے کرائم برانچ میں فحش فلمیں بنانے اور پھر انہیں ایپس پر اپلوڈ کرنے کا کیس رواں سال فروری میں درج کیا گیا تھا۔
ممبئی پولیس کے کمشنر کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ کرائم برانچ میں فروری میں فحش فلمیں بنانے اور انہیں اپیس پر اپلوڈ کرنے کا کیس درج ہوا تھا۔ ہم نے راج کندرا کو اس کیس میں 19 جولائی کو گرفتار کر لیا۔ ہمارے پاس کافی ثبوت ہے۔‘
راج کندرا نے کسی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دی تھی۔
خیال رہے شلپا شیٹی کی راج کندرا سے 2009 میں شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش 2012 میں ہوئی تھی۔ گذشتہ سال جوڑے کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔
جے ایل سٹریم نامی ایپ کے مالک راج کندرا انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کے شریک مالک تھے۔ 2013 میں دہلی پولیس نے آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے حوالے سے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔