بلوچستان: فائرنگ اور دیگر نوعیت کے واقعات میں 3 افراد ہلاک، 5 زخمی

248

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز فائرنگ اور دیگر نوعیت کے واقعات میں تین افراد ہلاک جبکہ خواتین و بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوراب میں کوئٹہ کراچی شاہراہ مین چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے جسکی شناخت حاجی خان پندرانی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق قلات سے بتایا جارہا ہے۔

درین اثناء تمبو خان کوٹ کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے احسان علی کھوسہ کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو پرانی دشمنی کی بناء پر ہلاک کرکے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر اور لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال پہنچا دیا اور علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب دکی کلی ملک علی محمد ناصر میں گھر میں حادثاتی گولی چل جانے کے باعث پانچ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق گھر میں پستول کی صفائی کرتے وقت حادثاتی گولی چل جانے سے پانچ سالہ بچہ مدثر خان ولد محمد زئی سکنہ کلی ملک علی محمد ناصر موقع پر ہلاک ہوگیا۔ جسکی لاش سول اسپتال دکی میں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

ادھر افغانستان سے متصل سرحدی علاقے چمن بائی پاس پر واقع ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شدید جھلس کر زخمی ھوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گھر میں خواتین معمول کے مطابق کام کررہے تھے کہ اچانگ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آس پاس موجود پانچ افراد شدید جھلس گئے، جھلس جانے والے زخمیوں میں خواتین، بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال چمن منتقل کیا گیا ہے جہاں سے مرہم پٹی کروانے کے بعد تمام زخمیوں کو کوئٹہ کیلئے ریفر کر دیا گیا۔