باڈرر بندش قبول نہیں، ایسے فیصلے لوگوں کا معاشی قتل ہے – باڈرر ٹرینڈ یونین

291

 

بارڈرٹریڈیونین کے نومنتخب آرگنائزرحافظ ناصرالدین زامرانی اور ڈپٹی آرگنائزر گلزار دوست بلوچ نے کہاکہ بارڈرٹریڈ ہماری مرگ و زیست کا مسئلہ ہے، سرحدی کاروباری کی بندش سے صرف ضلع کیچ کے لاکھوں افراد بے روزگار ہوکر نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں- گاڑیوں کی ٹوکن سسٹم بھی ہرگز قبول نہیں، ہزاروں کاروباری گاڑیاں کئی دنوں سے بارڈر پر کھڑی ہیں،ڈرائیور مشکلات کا شکار ہیں، اس لئے فوری طورپر کراسنگ پوائنٹس بڑھادیئے جائیں تاکہ بارڈرپر رش اور جم گھٹا کم ہوسکے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے تربت میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا.

انہوں نے کہاکہ ضلع کیچ تربت میں کاروباری مراکز نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ فیکٹریاں اور کمپنیاں نہیں ہیں، بے روزگاری عام ہے، ماسٹر اور ایم فل کے اسٹوڈنٹس بھی بے روزگاری کے عالم میں پریشان ہیں، ان گھمبیر معاشی حالات میں پاک ایران بارڈر سے خوردنوش اور ایندھن کا کاروبارزندہ رہنے کیلئے اہم ذریعہ رہا ہے-

ضلع کیچ کے زمینی حالات سے بے خبر اسلام آبادکے حکمران اسلام آباد کے ایئرکنڈیشن دفاتر میں بغیر تحقیق و بغیر سروے بارڈر بند کرنے کا احکامات صادرکرتے ہیں ایسے فیصلوں کو ہم سرحدی لوگ ہرگز نہیں مانتے ہیں، کیونکہ بارڈر کاروباری ہماری موت و حیات کامسئلہ ہے-

انہوں نے کہاکہ ضلع کیچ کے بے روزگار افراد نے اپنے اور اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و خوشحال مستقل کا خواب دیکھ کر ادھار میں گاڑیاں خرید کر تیل کا کاروبار شروع کردیا ہے، لیکن نت نئے حیلے بہانوں سے بارڈربند کردیا گیا ہے، یونین کا مطالبہ ہے کہ سرحدی تجارت کو قانونی شکل دیا جائے اور جالگی سمیت دیگر مقامات پر کراسنگ پوائنٹ کھولا جائے –

انہوں نے کہا کہ جالگی تا دربلی ضلع کیچ کے علاقے ہیں لیکن سیکورٹی انتظامیہ امور کے تحت یہ علاقے پنجگور کرنل کے ماتحت ہیں، جس سے تیل کے کاروبار کرنے والی گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیور کو پنجگور جانا پڑتا ہے جو لمبا سفر اور مشکل عمل ہے اسلئے زامران کے علاقے جالگی تادربُلی کو ایف سی بلیدہ یا تربت کمانڈنٹ کے ماتحت میں دیا جائے تاکہ سرحدی کاروبار افراد کیلئے سہولت ہو ۔

اس موقع پر ڈپٹی کنونیئرگلزاردوست بلوچ نے کہا کہ سابقہ کابینہ کے چند عہدیداروں کی ذاتی مصروفیات کے باعث بارڈر ٹریڈ یونین کے ذمہ داران کی متفقہ فیصلے کے تحت بارڈرٹریڈ یونین کی کابینہ ختم کرکے نئی آرگنائزنگ باڈی تشکیل گئی ہے، اتفاق رائے سے حافظ ناصرالدین زامرانی آرگنائزر ،گلزاردوست ڈپٹی آرگنائزر جبکہ پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کفایت اللہ بلوچ،علی بخش دشتی، چیف عبداللطیف، صادق فتح زامرانی اور میر وارث رند منتخب ہوئے ہیں-

انہوں نے مزید کہا کہ آرگنائزنگ باڈی رابطہ مہم شروع کرکے یونین کو فعال کرینگے پھر کونسل سیشن کاا نعقاد کرکے نئی کابینہ کے انتخابات منعقد کیاجائیگا۔