گوادر: پانی کی شدید قلت، عوام سراپا احتجاج

119

 

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پانی کی شدید قلت کے خلاف ایک بارپھر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پانی کی شدید قلت کے خلاف نگوری وارڈ کے مکین سراپا احتجاج بن گئے ہیں اور گوادر شہر کا اہم سڑک سید ظہورشاہ روڈ کو ہر قسم کے آمدورفت کے لیئے بند کیا گیا ہے۔

احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے جبکہ شدید گرمی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداداحتجاجاً سڑک پر بیٹھ کر پانی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

احتجاج میں شریک علاقہ مکینوں نے کہا کہ ہمیں پانی کئی دنوں سے نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پانی فراہم نہیں کیا گیا تو پورا دن بیٹھ کر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کے باسی آج ایک بوند پانی کو ترس رہے ہیں جو زیادتی ہے – ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے شور میں یہاں کے لوگ پیاس سے مرجائیں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں مقامی آبادی پانی کی قلت اور بجلی کی عدم فراہمی پر عرصے دراز سے سراپا احتجاج ہیں تاہم حکومت پانی اور بجلی کی فراہمی میں ابتک ناکام نظر آتی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر مکینوں کو پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر ہجرت کرنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔