بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فورسز کی چوکی پر دستی بم حملہ کیا ہے۔
حملہ فورسز کی چوکی پر کیچ کے مرکزی شہر تربت میں جوسک کے مقام پر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حملےکے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ فورسز کو اس حملے میں نقصانات کا سامنا رہا ہے۔
خیال رہے کہ کیچ اور گرد نواح میں فورسز پر حملوں کی ذمہ داری ماضی میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتے آرہے ہیں۔
رواں ماہ تربت آبسر میں نامعلوم افراد نے فورسز کی گاڑی کو زمین دوز بم حملے میں نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں فورسز کے تین اہلکار ہلاک و چار زخمی ہوگئے تھے۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ بی ایل اے کے اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشنل اسکواڈ (ایس ٹی او ایس) نے ریموٹ کنٹرول بم حملے میں فوج کے کانوائے میں شامل گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ قافلے کی صورت میں تربت کے علاقے آبسر سے گذر رہے تھے۔ حملے میں تین اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور چار اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں دشمن فوج کا ایک افسر لیفٹیننٹ کرنل عاطف بھی شامل ہے۔
تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔