کیلکور : پاکستانی فوج نے جارحیت کے دوران متعدد خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے- بی این ایم

497

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجگور کے علاقے کیلکور میں گزشتہ کئی دنوں سے پاکستانی فوج ایک تباہ کن آپریشن میں مصروف ہے۔ اسی جارحیت کے دوران پاکستانی درندہ فوج نے ایک درجن کے قریب خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک لڑکی کے والد کو مزاحمت پر گولیوں سے نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ دردندگی وحیوانیت کا یہ واقعہ کیلکور کے گاؤں نکشلی میں پیش آیا ہے۔ قابض فوج نے ائیدی، جنچوپ اور نکشلی میں جنسی زیادتی، شہید مراد محمد بازارسمیت کیلکور کی زیادہ تر آبادی کو جبری نکل مقانی پرمجبورکردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کیلکور ہی سے متصل علاقہ ہوشاپ میں پاکستانی فوج نے چند ہفتہ پہلے ایک گیارہ سالہ بچہ امیر مراد کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پچھلے مہینے مشکے میں بھی خواتین کو جنسی زیادتی بناکر ان کو خاندان کو خاموش رہنے کی دھمکی دی گئی تھی لیکن دوسرے ذرائع سے یہ خبر منظر عام پر آئی۔ اس طرح کے بے شمار واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن مظلوم عوام پاکستانی فوج کی جبر کی وجہ سے اس پر بات کرنے سے کتراتے ہیں۔ پچھلے مہینے آواران میں نورجان نے اسی بنا پر خودکشی کی کہ اسے اپنی لڑکی کو فوجی کیمپ میں پیش کرنے کا کہا گیا تھا۔ ایک اور واقعہ میں تمپ سے گہرام ولد نادل کو گیارہ جون پاکستانی فوج نے اٹھا کر لاپتہ کیا اور چار دن بعد یعنی پندرہ جون کو گھر والوں کو فون کرکے گہرام کی لاش لے جانے کا کہا گیا۔ دوران حراست قتل اور جنسی زیادتیوں میں شدید تیزی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کی روٹ پر واقع ہونے کی وجہ سے کیلکور اور اس کے گردو نواح کے علاقوں میں کئی فوجی کیمپ اور چھاؤنیاں قائم ہیں۔ یہاں سے لوگوں کو اٹھاکر غائب کرنا، فوجی آپریشنوں میں حصہ لینا اور تشدد کرنا عام ہیں۔ اب ان میں جنسی زیادتی کے اڈے قائم کئے گئے ہیں۔ ان اڈوں میں علاقائی خواتین اور بچوں کو سیکس سلیو (جنسی غلام) کے طور پر رکھنے کی واقعات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ہم کئی سالوں سے عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوششوں میں ہیں کہ بلوچستان میں پاکستان کو لگام دیا جائے تاکہ وہ یہاں بنگلہ دیش کی تاریخ نہ دُہرائے۔ آج بنگلہ دیش کی تاریخ دُہرانے کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس میں تیزی لائی جارہی ہے۔ اس سال کے پہلے چھ مہینے میں اس طرح کے بے شمار واقعات سامنے آئی ہیں۔ اسی وجہ سے یہاں سے کئی گاؤں کے لوگ ہجرت پر مجبور ہوچکے ہیں۔

ہم مہذب دنیا، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ جنگی جرم، انسانیت کے جرم اور نسل کشی کے اقدام پر پاکستان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلوچ نیشنل موومنٹ کیلکور واقعہ سمیت پاکستانی حیوانیت کے خلاف سوشل میڈیا میں #RapistArmyInBalochistan کے ہیشٹیگ سے ایک آن لائن مہم چلائے گا جس میں تمام انسان دوست،قوم دوست لوگوں سے حصہ لینے کی اپیل کی جاتی ہے۔