وڈھ: تاجر برادری کا قتل – محمد یونس میراجی

159

وڈھ: تاجر برادری کا قتل

تحریر: محمد یونس میراجی

دی بلوچستان پوسٹ

پچھلے کچھ عرصے سے وڈھ کے مقامی سوشل میڈیا میں انتہا کی گہما گہمی ہے۔ کہیں کسی عورت دشمن پمفلٹ کا ذکر ہے تو کہیں بھتہ مافیا کے نام کی واٸس لیکس کا شور غوغا ہے۔ کہیں کمپاٶنڈرز کا رونا دھونا ہے تو کہیں کمپاٶنڈرز کی وجہ سے رونا دھونا ہے۔ اس تمام مجرمانہ ھلڑ دھمچر میں ایک طبقہ پسا ہوا ہے حیران و پریشان اور سرگردان ہے وہ ہے عام عوام۔

واٸس لیکس کا بے تاج بادشاہ ”نامی“ ہو کر گمنام ہے، بھتہ مافیا کا سرغنہ ظاہر ہو کر چھپا ہوا ہے، انتظامیہ سب کچھ جان کر انجان ہے، تاجر برادری کا قاتل معلوم ہو کر بھی نا معلوم ہے، بھتہ مافیا کا نماٸندہ گروہ ظالم ہو کر مظلوم ہے۔ الغرض یہ ایک ایسا گورکھ دھندا ہے جسے سماج کا بالاٸی طبقہ آپس میں کھیل رہا ہے اور اس کا خمیازہ عام عوام بھگت رہا ہے۔ بالاٸی طبقے کے یہ کھلاڑی آپس میں گہرے دوست بھی ہیں اور رشتہ دار بھی، مخالف بھی ہیں اور ساتھ ساتھ رابطہ کار بھی، عوام کو بے وقوف بنا کر لڑوانے والے بھی ہیں اور ساتھ بیٹھ کر ٹھیکوں، نوکریوں کا آپس میں بٹوارا کرنے والے بھی ہیں۔ آپ یقین کریں وڈھ میں ہونے والے تمام تر قتل و غارت میں ان بالاٸی طبقوں اور طاقتوں کا کوٸی بھی بندہ جان سے نہیں جاتا، نہ اغوا ہوتا ہے، نہ اسے کوٸی بھتے کےلیے فون کرتا ہے اور نہ کوٸی بھتہ سے انکار پر اس طبقے کے لوگوں کو قتل کرتا ہے۔ یہ طبقہ بڑی ھوشیاری اور مکاری سے سارے معاملات کاروباری انداز میں انتہاٸی بد دیانتی کے ساتھ طے کرتا ہے اور غریب کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی۔

اچھا پھر غریب کا کیا ہے۔ غریب کےلیے تو اس طبقے کے ہاں فقط زلالت اور موت لکھی گٸی ہے۔ یہ طبقہ سارونہ کے ماٸنز میں سہولتوں کی عدم دستیابی پر بھی مرتا ہے، اگر زخمی ہو کر بچ جاٸے تو زندگی بھر محتاجی کی زلالت بھری زندگی گزارتا ہے، وہاں سے بچ جاٸے تو روڈ حادثے یا پھر کینسر سے نہیں بچتا، کینسر نہ لگے ملیریا اور ٹاٸیفاٸیڈ بھی اس کا ستیا ناس کر دیتے ہیں۔ اگر ان سب سے بچ کر کچھ کما پایا تو بھتہ مافیا اسے قتل کر ڈالتا ہے اور اگر کوٸی بھتہ مافیا کی نظروں میں نہ بھی آٸے تو اسے بدمعاش عطاٸی ڈاکٹرز مار ڈالتے ہیں اور آواز اٹھانے پر پریس کانفرنس اور جرگہ کے ذریعے دھمکاتے ہیں۔ انتظامیہ دو تین ایکشن لے کر تیسرے دن نا ”معلوم وجوھات“ کی بنا پر اپنے اقدامات سے ہی توبہ تاٸب ہو کر دم دبا کر اس کاررواٸی سے ہاتھ اٹھاتا اور بھاگ جاتا ہے۔ پھر وہی عام عوام ہوتا ہے وہی بالاٸی طبقہ کے کھلاڑیوں کا خونی اور استحصالی کھیل۔

اب اس تمام تناظر میں سوال یہ ہے کہ عام آدمی کو اس جنجال سے کیسے نکلنا چاہیے اور کس طرح اس طبقے سے نجات حاصل کرنا چاہیے۔ یقینا ظلم و جبر اور اس منظم مگر چھپے ہوٸے جبری نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا کوٸی آسان بات تو نہیں۔ عوام کرے تو کیا کرے؟ ہاں البتہ عوام اب معاملات کو اس زاویے سے دیکھنا چھوڑدے جو ظالم و جابر بالاٸی طبقہ اسے دکھانا چاہتا ہے۔ اس طبقے میں سے ایک طبقہ عام عادمی کو اس جھگڑے میں ملوث کرتا ہے کہ میرا مخالف (بظاہر مخالف مگر اندرونی رشتے ناطے و لین دین ایک ہی ہیں) ھندوستان اور اسراٸیل کا ایجنٹ ملک و قوم کا دشمن ہے تو دوسرا اپنے مخالف کو ننگ و ناموس، قومی غیرت و عزت، اور وطن دشمن کہہ کر اپنا کام جاری رکھتا ہے۔ دونوں طرف باتیں درست ہوں کہ غلط مگر ایک بات حقیقت ہے بیانیہ چاہے کچھ بھی ہو مگر عام آدمی کے استحصال، لوٹمار، اور اسے ہمیشہ پسماندہ رکھنے کے عمل میں دونوں کا کردار ایک ہی ہے دونوں عوام دشمنی میں ایک ہی کشتی کے سوار ہیں۔ یعنی عوام کے خلاف جنگ میں دونوں نے الگ الگ مورچہ سنبھالا ہوا ہے۔

اب عوام پر یہ بات آ جاتی ہے کہ وہ اس معاملے کو کس طرح دیکھتا ہے۔ آیا عوام دونوں مورچوں میں سے کسی ایک کو اپنا نیک سمجھتی ہے جو کہ ظالم طبقے کی منشا و مرضی ہے۔ یا پھر اب اپنی سوچ فہم اور موجودہ حالات کے مطابق ایک انسانی و شعوری چھلانگ لگا کر ان دونوں قوتوں کو اپنا باقاعدہ قاتل اور استحصالی دشمن گردانتی ہے۔

جب عوام یہ کرے گی تو اس کے سامنے مزید راستے کھلیں گے مزید وہ اس پیچیدہ ترین جبری نظام کو سمجھنا شروع کرے گا۔ اور اس دن عام آدمی کو سمجھ آجاٸے گا کہ اس ظالمانہ گورکھ دھندے میں کون کون ملوث ہیں۔ سرکار، سردار،جاگیردار، عیار، نواب، میر، معتبر، ساٸیں، بھوتار، وڈیرہ، ٹکری، بھتہ خور و خون خور سب کا آپس میں کس طرح کیسے اور کیوں کر رشتہ ہے۔ تب سمجھ آجاٸے گی دونوں طرف مخصوص عوام دشمن کردار کون کون ہیں۔ ان سب کرداروں کے آپسی شراکت داری کی کیا نوعیت ہے۔ سب سمجھ آجاٸے گا۔ بس عوام فقط ایک بار خود کو دونوں مورچوں سے آزاد کرنے کی جتن تو کرے۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں