عثمان کاکڑ کی رحلت سے بلوچستان ایک مدلل و توانا آواز سے محروم ہوگیا- نیشنل پارٹی

531

نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہاکہ بلوچستان کی ایک توانا اور مدلل آواز ہمیشہ کے لیے ہمیں چھوڑ گیا۔ عثمان لالا کی رحلت کا انتہائی افسوس اور دکھ ہوا نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت اس غم میں خاندان پارٹی اور بلوچ و پشتون عوام کے ساتھ شریک ہے ایسے بیباک اور نڈر قیادت کی جگہ ہمیشہ خالی رہے گی ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں آسودہ جگہ عطا فرمائے اور خاندان و پارٹی کے دوستوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  دریں اثناء  نیشنل پارٹی نے مرکزی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی اور تحصیل آرگنائزیشنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنماء عثمان لالا کی جسد خاکی کل صبح 6 بجے کراچی سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوجائے گی ، عثمان لالا کو بلوچستان، بلوچ و پشتون عوام کے سیاسی و قومی خدمات کے پیش نظر نیشنل پارٹی کے رہنماء و کارکن ہر اسٹیشن پر ان کی میت کا والہانہ استقبال کی تیاریاں کریں اور زبردست خراج عقیدت پیش کریں نیشنل پارٹی حب، وندر، اوتھل، لسبیلہ، اورناچ ، وڈھ خضدار، سوراب، قلات اور مستونگ کے مقامات پر ان کی جس خاکی پر پھول نچاور کرکے عثمان لالا کو خراج عقیدت پیش کریں، عثمان لالا نے اپنی پوری زندگی بلوچستان کے عوام کے سیاسی معاشی اور قومی حقوق کے لیے وقف کی ، بلوچستان کے توانا اور نڈر رہنماء کی طرح سینٹ آف پاکستان میں مظلوم و محکوم عوام کے جرات مندانہ انداز میں ترجمانی کرتے رہے ظلم و جبر اور بلوچستان کے قومی و سیاسی مسائل پر بغیر کسی خوف و کمپرومائز کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے رہے عثمان لالا کی رحلت سے بلوچستان ایک عظیم سیاسی سپوت سے محروم ہوگیا جس کی کمی ہر مرحلے پر محسوس کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت عثمان لالا کو سیاسی و قومی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں آسودہ جگہ عطا فرمائے۔