گھوٹکی:مسافر ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی

140

سکھر کے علاقے ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 40 مسافر ہلاک ہوگئے۔

حادثے کے شکار ہونے والی ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور سرسید ایکسپریس پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جب کہ اس دوران آنے والی سرسید ایکسپریس ڈی ریل بوگیوں سے ٹکرا گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈہرکی اور ریتی لین اسٹیشن کے قریب پیش آیا جس میں ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کے انجن سمیت 3 بوگیاں پٹری سےاترگئیں۔

حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا، زخمیوں اور ہلاک افراد کو صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں اب تک 40 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 60 سے زائد مسافر زخمی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اب بھی متعدد مسافروں کے ٹرین میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ہیوی مشینری منگوائی گئی ہے۔

ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے 21 گریڈ کے افسر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جب کہ ریلوے نے حادثے میں ہلاک افراد کے ورثاء کے لیے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے، زخمیوں کو ان کے زخموں کی نوعیت کے حوالے سے کم سے کم ایک لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔