گوادر: بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج، شہر کا اہم ترین شاہراہ ٹریفک کے لئے بند

224

 

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے شہر میں اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گوادر کے علاقہ ظہور شاہ ہاشمی وارڈ میں ایک ہفتے سے خراب ٹرانسفارمر کی مرمت نہ ہونے کے سبب ظہور شاہ وارڈ کے مکینوں نے میرین ڈرائیو کو احتجاجاً بند کردیا –

علاقہ مکینوں کی احتجاج سے گوادر میرین ڈرائیور پر ہرقسم کا ٹریفک معطل رہا –

اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ گوادر میں ترقی کا ڈھونگ رچا کر مقامی لوگوں کی زندگیوں کو عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے –

انہوں نے کہا کہ گوادر میں پرانی آبادیوں میں اندھیرے اور پیاس کا راج ہے جبکہ ترقی کے نام پر یہاں مقامی لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا ہے۔

آخری اطلاعات تک مظاہرین سے مزاکرات کے لیے گوادر سے منتخب رکن بلوچستان اسمبلی حمل کلمتی پہنچ گئے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سید ظہور شاہ ہاشمی وارڈ کے ٹرانسفرمر کا کام جاری ہے آج رات تک نصب کر دی جائے گی اور کل صبح تک سید ظہورشاہ وارڈ کی بجلی بحال کردی جائے گی اگر رات کو ٹرانس چلائی جائے تو نمی کی وجہ سے دوبارہ جلنے کا خطرہ ہوگا۔

اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ واپڈا اہلکاروں کی دھمکی آمیز رویہ ہمارے لوگوں کو اشتعال دلانے پر مجبور کر رہے ہیں۔

حمل کلمتی نے کہا کہ واپڈا اہلکار کی دھمکی آمیز رویہ پر کل ایکسئن واپڈا سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کرونگا –

آخر میں ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی نے سید ظہور شاہ ہاشمی وارڈ کے علاقے معتبرین اور مکینوں کا احتجاج ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سڑک کھولنے کی اپیل کیا اور مظاہرین نے یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا –