ٹویٹر نے کنگنا راناوت کی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردی

557

ٹوئٹر نے بالی وڈ اداکارہ کنگنا راناوت کی ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کر دی۔ کنگنا کے معطل شدہ اکاؤنٹ پر یہ لکھا نظر آ رہا ہے کہ ٹوئٹر ایسے اکاؤنٹس کو معطل کر دیتا ہے جو اس کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔‘

انڈین میڈیا کے مطابق ان کا اکاؤنٹ مغربی بنگال میں ریکارڈ ساز جیت حاصل کرنے والی ترنمول کانگریس کی رہنماء ممتا بینرجی کے خلاف یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹس کی وجہ سے معطل کیا گیا۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے ٹوئٹر پر نسل پرستی کا الزام لگایا ہے۔

کنگنا نے کہا ہے کہ ’ٹوئٹر نے میرے مؤقف کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکی ہیں اور ایک سفید فام پیدائشی طور پر بھورے رنگ والے کو اپنا غلام سمجھنے کا حق محسوس کرتا ہے، وہ آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ کو کیا سوچنا، بولنا یا کرنا ہے۔‘

کنگنا نے یہ بھی کہا کہ اپنی آواز بلند کرنے کے لیے ان کے پاس بہت سے پلیٹ فارمز ہیں جس میں سینما کی شکل میں ان کا فن بھی شامل ہے۔

لیکن یہ پہلی بار نہیں جب کنگنا پر قدغن لگائی گئی ہو کیونکہ اس سے قبل جب انہوں نے ایمازون پرائم کی ویڈیو سیریز ’تانڈو‘ کے خلاف ٹویٹ کیا تھا تو ان پر بعض پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

انڈین روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا نے لکھا تھا کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے ’(فلم بنانے والوں کا) سر اتارنے کا وقت آ گیا ہے۔‘

کنگنا نے ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا تھا کہ ’میرا اکاؤنٹ اور میری ورچوئل شناخت ملک کے لیے کسی بھی وقت شہید ہوسکتی ہے۔‘

کنگنا کا نام اس وقت انڈیا میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے اور اب تک 15 ہزار سے زیادہ ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔