صحافی کی گرفتاری کیلئے بیلاروس ایئر فورس نے مسافر طیارے کو اتار لیا

145

صحافی کی گرفتاری کیلئے بیلاروس ائیر فورس نے زبردستی دارالحکومت سے منسک ائیرپورٹ پرطیارے کو اتار لیا۔

 یورپی ملک یونان سے لتھوانیا جانے والی ریان ائیر کی  پرواز ایف آر 4974 نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے یونان کے ایتھنز ائیرپورٹ سے لتھوانیا کے دارالحکومت ویلینیئس کیلئے ٹیک آف کیا۔ طیارہ پرواز کرتے ہوئے سوا دو گھنٹے بعد بیلاروس کی حدود میں داخل ہوا تو بیلاروس ائیر فورس کے طیاروں نے اسے گھیرے میں لے لیا۔ طیارے کو دارالحکومت منسک انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق منسک ائیرپورٹ اترنے کے بعد بوئنگ 737 طیارے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا جنہوں نے طیارے میں داخل ہوکر صحافی رومن پروٹاسویچ کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا۔

ایوی ایشن کے ماہرین بیلاروس کے ڈکٹیٹر لوکاشینکو کے حکم پر بیلاروس ائیر فورس کی جانب سے ریان ائیر کے طیارے کو زبردستی اتارنے اور دیگر مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر کافی تنقید کر رہے ہیں۔

اتوار کو نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ نے “بیلاروس حکام”  کو ریان کے ایک فضائی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ پر مجبور کرنے پر بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایک سنگین واقعہ ہے جس کی بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ بیلاروس کو عملے اور تمام مسافروں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانا چاہئے۔ “

ہنگامی لینڈنگ کے بعد یورپی فورسز نے بیلاروس اپوزیشن کے ایک کارکن کی گرفتاری پر احتجاج کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ “کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں”، جس میں طیارے میں سوار بیلاروس اپوزیشن کے ایک کارکن کی مبینہ گرفتاری بھی شامل ہے۔

بیلاروس حکام نے اعلان کیا کہ طیارے نے آج بورڈ پر بم کی اطلاع ملنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ الزامات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ بیرون ملک مقیم ایک سرگرم کارکن اور اپوزیشن بلاگر کو طیارہ اترنے کے بعد بیلاروس حکام نے گرفتار کرلیا گیا۔