انٹرپول کی وارننگ کے باوجود انتہائی خطرناک مواد سے بھرا بحری جہاز بلوچستان کے ساحلی شہر گڈانی پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق خطرناک مواد سے بھرا جہاز توڑنے کے لیے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے ساحلی علاقے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ لایا گیا ہے جب کہ انٹرپول نے 22 اپریل کو پاکستان انٹرپول اور ایف آئی اے کو جہاز روکنے کے لیے کہا تھا۔
جہاز میں 15 سو ٹن انتہائی خطرناک مرکری ملا تیل کا سلیج موجود ہے۔
خطرناک مواد کی وجہ سے بحری جہاز کو بنگلا دیش اور بھارت نے اجازت نہیں دی تھی، ممبئی میں جہاز کا نام تبدیل کرکے ایف ایس او راڈینٹ سے چیریش کردیا گیا، نام تبدیل کرکے بحری جہاز چیریش 21 اپریل کو ممبئی سے کراچی پہنچا، جہاز مالکان نے متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے جہاز 30 اپریل کوگڈانی پہنچادیا۔
ذرائع کے مطابق ای پی اے بلوچستان نے متعلقہ اداروں کی رپورٹ کے بغیر ہی جہاز کاٹنےکی اجازت دے دی، انٹرپول کےخط پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی اور وزارت بحری امور سمیت 3 وفاقی وزارتیں صرف خطوط کا تبادلہ کرتی رہیں، ایم ایس اے، ای پی اے بلوچستان اور کسٹمز ممنوعہ مواد لانے والے جہاز کو روکنے کے ذمہ دار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے فیس بک پیج پر بھی بحری جہاز چیریش کے ساحل پر لگنے کی اطلاع دی گئی۔
یاد رہے کہ کہ 2016 میں بھی گڈانی میں خطرناک مواد والے جہازپر آگ لگنے سے درجنوں مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔