خضدار: حکومتی حمایت یافتہ شخص کے گھر پر دستی بم حملہ

309

بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم افراد نے حکومتی حمایت یافتہ شخص کے گھر کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جھالاوان عوامی پینل کے رئیس صادق احمد گزگی کے گھر پر گذشتہ رات نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔

دھماکے کے نتیجے میں گھر کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کی جانی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

رئیس صادق جھالاوان عوامی پینل کے ساتھ منسلک ہے جس کی سربراہی شفیق مینگل کررہے ہیں۔ شفیق مینگل کو خضدار اور بلوچستان بھر میں ڈیتھ اسکواڈز کے سربراہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ خضدار کے علاقے توتک سے ملنے والی اجتماعی قبروں اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں شفیق مینگل پر ملوث ہونے کا الزام ہے۔

بم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری مختلف بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے۔