بلوچستان: واقعات اور حادثات میں تین افراد ہلاک، دو زخمی

122
فائل فوٹو

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پانچ مختلف نوعیت کے واقعات میں تین افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ واقعات اور حادثات کوئٹہ، خضدار ،گوادر اور دکی کے مقام پر پیش آئے ہیں۔

ان واقعات میں دکی میں مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تو دہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوا ہے، جاں بحق ہونے والے کانکن کی شناخت محمد داؤد ولد اختر جان کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان کا رہائشی ہے۔

محکمہ مائنز کے مطابق منگل کو دکی میں مقامی کوئلہ کے کان میں مٹی کا تودہ گر جانے کے باعث مذکورہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ کان انتظامیہ نے لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ان کے آبائی وطن روانہ کردی گئی۔

ادھر خضدار لزو اور محلہ گزگی حیات آباد میں دو مختلف فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ کے واقعے میں زخمی افراد کی شناخت عبدالغنی اور شاہ زمان ولد خالد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق عبدالغنی کو کراچی روڈ پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ شاہ زمان کو قریبی عزیز نے گھریلو ناچاقی کی بنا فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

زخمی ہونے والے دونوں افراد کو گولیاں پاؤں میں لگی ہے، جنہیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرکے پولیس نے دونوں کے واقعات کی تحقیقات تشروع کردی۔

دریں اثنا بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب کسٹم کے علاقے اے جی ایس کالونی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جیسے شناخت کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جبکہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے گزشتہ روز ایک لاش بلدیہ کے ایک پرانی ٹینکر سے برآمد ہوئی تھی جسے شناخت کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔