کوہلو میں فوجی آپریشن، گھر نذر آتش

847

بلوچستان کے ضلع کوہلو کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فوج کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔ فورسز نے کئی گھروں کو نذر آتش کردیا ہے۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ آج صبح سے کوہلو کے علاقے کوہ بن، سیاہ کوہ، دہریس، مخی اور کاٹ ویڑ کے علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آپریشن جاری ہے۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق پیرا ملیٹری فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں جنتلی کے علاقے کوہ بن میں ایک درجن کے قریب محمدانی مریوں کے گھروں کو نظر آتش کیا گیا ہے۔ جبکہ دوران آپریشن فورسز بھیڑ بکریوں کو بھی اپنے ہمراہ لے جارہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کوہلو کے مختلف علاقوں میں گذشتہ تین دنوں سے آپریشن کی جارہی ہے۔ آپریشن کے نتیجے میں جانی نقصانات اور گرفتاریوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

حکام نے تاحال مذکورہ آپریشن کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔