بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مضافاتی علاقے زرغون میں مسلح افراد نے لیویز فورس کے پوسٹ اور کوئلہ کانوں کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق زرغون کے علاقے طور شار میں مسلح افراد نے کوئلہ کانوں پر حملہ کیا، کانوں کی حفاظت کیلئے قائم لیویز پوسٹ کو بھی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
حملہ آوروں نے کوئلہ کانوں اور مشینری کو نذر آتش کردیا اور فرار ہوگئے۔
رواں ہفتے کوئلہ کانوں پر ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔ دو روز قبل ہرنائی میں طالب لیز ایریا میں مسلح افراد نے کوئلہ کانوں اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔
قبل ازیں ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوسٹ کے مقام حملہ آوروں نے 28 کوئلہ کانوں کو نذر آتش کردیا تھا۔