ڈچ میڈیا کے مطابق نیدر لینڈ حکام نے ملکی تاریخ میں منشیات کی سب سے بڑی کھیپ پکڑلی ہے۔
۔ ڈچ حکام نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ رواں ماہ روٹر ڈیم شہر سے ڈیڑھ ہزار کلو سے زائد ہیروئن ضبط کرلی گئی ہے جو پاکستان سے نمک میں چھپا کر اسمگل کی گئی تھی۔
زرائع کے مطابق روٹر ڈیم کے پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ منشیات کی یہ مقدار کسٹمز اہلکاروں نے پاکستان سے آنے والے ہمالیائی نمک کے کنٹینرز سے برآمد کی، ضبط شدہ منشیات کی قیمت تقریباً ساڑھے 4 کروڑ یورو (8 ارب 68 کروڑ 50 لاکھ سے زائد) بنتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کارروائی کیلئے ڈچ حکام نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کیا۔
برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی جاری کردہ معلومات کے مطابق ڈچ حکام نے اس کارروائی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا، جن میں سے 3 کا ریمانڈ لے لیا گیاہے۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ کیس کی مزید کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں۔