وزیرستان:این جی او کی گاڑی پر فائرنگ،4 خواتین قتل

393

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 4 خواتین کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق قتل کی گئی چاروں خواتین مقامی این جی او صبا ون کیلئے کام کرتی تھیں، جو علاقے کی خواتین سے ملاقات کیلئے جا رہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق واقعہ ٹنڈی کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے بعد گاڑی میں سوار 8 افراد کو اغوا کرکےلے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور خواتین کو قتل کرنے کے بعد ان کے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

حملے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد دینے اور لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال میر علی منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

جاں بحق خواتین اور زخمی ڈرائیور کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں سے ہے