تربت: فورسز کی چوکی پر دستی بم حملہ

277

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی کو نامعلوم افراد نے دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات کیچ کے مرکزی شہر تربت سنگانی سر کے مقام پر قائم ایف سی کی چوکی کو نامعلوم افراد نے دستی بم حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق حملے میں فورسز کو جانی اور مالی نقصان کا سامنا رہا ہے تاہم مقامی انتظامیہ کا موقف اس حوالے سے تاحال سامنے نہیں آیا ہے جبکہ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کیچ اور گردنواح میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، اکثر فورسز پر اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتے آرہے ہیں۔

اس سے قبل گذشہ مہینے 23 جنوری کو بھی کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو دستی بم کے ذریعے سے نشانہ بنایا گیا تھا مذکورہ دستی بم حملہ تربت بازار میں پرانے اسپتال کے قریب ناکے پر کیا گیا، حملے میں حکام نے فرنٹیئر کور کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جن میں لانس نائک قسمت اللہ اور شریف اللہ شامل تھے۔

تاہم گذشتہ رات کو ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔