بلوچستان: روڈ حادثات میں چار افراد جاں بحق

384

بلوچستان کے تین مختلف اضلاع میں پیش آنے والے روڈ حادثات میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

حادثات بلوچستان کے علاقے لسبیلہ، کیچ اور مچھ میں پیش آئے ہیں۔

لسبیلہ کے علاقے وندر میں منگل کے روز پیش آنے والے ایک روڈ حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار، دو بھائی اور ویگن ڈرائیور سمیت کم از کم تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق مسافر بردار ویگن کراچی سے نال جارہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو بھائی موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ویگن ڈرائیور موقع پر جان بحق ہوگئے اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔

حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جارہی ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کو علاج کے لئے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) وندر منتقل کیا گیا جبکہ بعدازاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا۔

جان بحق ہونے والوں کی شناخت علی داد اور علی محمد کے نام سے ہوئی ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بھائی ہیں اور ویگن ڈرائیور کی شناخت عبدالسلام کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں کی شناخت محمد اسحاق ولد قادر بخش سکنہ گریشہ نال اور عالم داد ولد خدائے داد بلوچ سکنہ حسن ہوٹل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ادھر مچھ سے اطلاعات ہیں کہ مچھ کے قریب کار گاڑی کی کھائی میں گرنے سے ایک شخص نور حسن ولد رشید احمد جانبحق جبکہ سجاد احمد ولد بشیر احمد سکنہ بھاول پور پنجاب زخمی ہوا ہے۔ زخمی ہونے والے شخص کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں یونیورسٹی جاتے ہوئے ایک کار گاڑی حادثے کی شکار ہوگئی اور حادثے میں تربت یونیورسٹی کے چار طالب زخمی ہوئے ہیں۔