کوئٹہ: مریم نواز سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچ گئی

517

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئی، مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال، پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

مریم نواز اور دیگر رہنماء سانحہ مچھ کے متاثرین سے مشرقی بائی پاس پر اظہار یکجہتی کیلئے جائیں گے۔

گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہزاری برادری سے میتیں دفنانے کی اپیل کی تھی۔

بدھ کے روز اپنی ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر جمعرات کو یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔

واضح رہے اس سے قبل پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزراء کے وفد سے مذاکرات کے ناکامی کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

بدھ کے روز ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کبھی بھی اپنے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔‘
انہوں نے مچھ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ ’اپنے پیاروں کی میتوں کو جلد دفنا دیں تاکہ ان کی رُوحیں آسودگی پاسکیں۔‘

انہوں نے ہمسایہ ممالک پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور جان لیں کہ ہمارا ہمسایہ اس فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔‘

یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں تین جنوری کو ایک حملے میں دس کوئلہ کان کنوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے خلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی جانب سے گذشتہ پانچ روز سے میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا جاری ہے جبکہ آج کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال بھی کی جارہی ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آئیں، بصورت دیگر وہ قتل ہونے والے افراد کی تدفین نہیں کریں گے۔