ڈاکٹر منان کی قربانی آزادی کے سفر میں ایک مشعل راہ ہے – ڈاکٹر مراد بلوچ

349

بلوچ نیشنل موومنٹ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مراد بلوچ نے ڈاکٹر منان بلوچ اور ساتھیوں کی پانچویں برسی کی مناسبت سے انہیں  خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر منان جان اور ساتھیوں کو دشمن نے تنظیمی دورے کے دوران قتل کرکے بربریت کی نئی داستان رقم کی۔ لیکن آج ڈاکٹر منان بلوچ ایک نظریہ میں ڈھل چکا ہے اور نظریہ کبھی قتل نہیں ہوسکتے۔ نظریات کو مٹانے کی کوشش میں بے شمار قوتیں خود ہمیشہ کے لئے صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔ نظریات آج بھی زندہ ہیں۔ ڈاکٹر منان بلوچ کا نظریہ بھی اسی طرح زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منان بلوچ مدبر و متحرک سیاستدان، دانشور اورکمیٹید نیشنلسٹ اور وسیع المطالعہ رہنما تھے۔ انہوں نے بلوچستان کے طول وعرض میں قومی تحریک کی آبیاری کے لئے انتھک محنت سے جدوجہد کی۔ بلوچستان کا کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں ڈاکٹرمنان بلوچ نے آزادی کا پیغام نہ پہنچایا ہو اور قومی تحریک کے لئے کام نہ کیا ہو۔

ڈاکٹر مراد بلوچ نے کہا ڈاکٹر منان بلوچ عوامی رہنما تھے اور ہمیشہ عوام میں موجود رہے۔ ان حالات میں وہ جانتے تھے کہ دشمن انہیں کہیں بھی نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن ان کے پایہ استقامت میں لغزش نہیں آیا۔ وہ کہیں گوشہ نشینی کے بجائے قوم میں موجود رہ کر آزادی کی تبلیغ کرتے رہے۔ وہ انقلابی تعلیمات پھیلاتے رہے اور اسی انقلابی سفر کے دوران ڈاکٹر منان جان اور ساتھی مادروطن کی آزادی کے لئے قربان ہو کر امر ہوگئے۔ ان کی قربانی بلوچ قومی آزادی کے سفر میں ایک مشعل راہ ہے۔