چین میں آٹھ ماہ بعد جمعرات کو کرونا وائرس کا ایک مریض ہلاک ہو گیا ہے۔ مرنے والے سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں البتہ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ صوبہ ہیبی میں پیش آیا ہے۔
چین میں گزشتہ سال مئی کے بعد سے کرونا وائرس سے ایک بھی ہلاکت سامنے نہیں آئی تھی۔ لیکن حکام کی جانب سے جمعرات کو ایک مریض کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
کرونا سے ہلاکت کی اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی ادارہ صحت کی 10 رکنی ٹیم کرونا وائرس کی جنم بھومی کی تحقیقات کے لیے ووہان پہنچی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق جمعرات کو مزید 138 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران چین میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد گزشتہ سال مارچ کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔
حکومت نے صوبے ہیبی کے متعدد شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے جب کہ ملک کے شمالی حصے میں لاک ڈاؤن نافذ ہے اور تقریباً دو کروڑ افراد گھروں تک محدود ہیں۔
گزشتہ ہفتے حکام نے بڑے پیمانے پر کرونا وائرس ٹیسٹ مہم شروع کی تھی اور ہیبی کے دارالحکومت آنے اور جانے والے ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی تھی جب کہ اسکولوں اور دکانوں کو بھی بند کرا دیا تھا۔