پنجگور: بجلی بندش کیخلاف سی پیک روٹ پر دھرنا

431

بلوچستان کے شہر پنجگور میں بجلی کی طویل بندش کے کیخلاف عوام نے سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کیساتھ ملکر سی پیک روٹ کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا۔

پنجگور کے یونین کونسل عیسٰی بونستان اور کاٹاگری کے مکینوں نے بجلی بندش کے خلاف سرسانڈ کے مقام پر سی پیک روٹ پر دھرنا دے کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

مظاہرے میں سابق صوبائی وزیر میر غلام جان بلوچ، جماعت اسلامی کے امیر حافظ صفی اللہ، حاجی محمد اسحاق، پھلین بلوچ، نثار احمد، میر نذیر احمد، میجر شوکت شوکت سمیت دیگر افراد شریک ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقوں میں پانچ دن سے بجلی بند ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہم پانی کی بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔ اب گھروں، مساجد اور مدارس میں وضو کے لیے بھی پانی موجود نہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمیں ناکردہ گناہوں کی سزادی جارہی ہے، ایک طرف ہمیں بجلی سے محروم کردیا گیا ہے تو دوسری طرف نا دہندہ قرار دے کر تنگ کیا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی سے مذاکرات کے بعد مظاہرین نے اس یقین دہانی پر کہ بجلی بحال کردیا جائے گا، اپنا احتجاج ختم کردیا۔

واضح رہے کہ احتجاج کی وجہ سے چار گھنٹے تک سی پیک روٹ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہی۔ پنجگور میں بجلی کا بحران پچھلے کئی ماہ سے جاری ہے بعض علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بند اور بعض مقامات پر وولٹیج کا مسئلہ عوام کے مشکلات میں اضافے کا باعث ہے۔