پنجگور اور مچھ سے دو لاپتہ افراد بازیاب

285

بلوچستان کے ضلع پنجگور کا رہائشی اورنگزیب ولد سراج بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال دو جون کو کراچی سے لاپتہ ہونے والا اورنگزیب ولد سراج احمد سکنہ پنجگور بازیاب ہوگیا۔ جبکہ گذشتہ سال کے نومبر میں بلوچستان کے علاقہ مچھ سے لاپتہ خیر محمد مری بھی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے لاپتہ افراد کی بازیابی کو خوش آئندہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کو بھی یقینی بنائے۔

یاد رہے دو دن قبل بلوچستان کے ضلع آوران تحصیل جھاؤ کے چار افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے تھے۔ مذکورہ روز ندیم بلوچ کے بازیابی کی خبر بھی سامنے آئی تھی تاہم بعدازاں ان کے لواحقین نے ان کے بازیابی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ندیم تاحال لاپتہ ہے۔

خیال رہے اپریل 2019 کو بلوچستان کے علاقے جھاؤ سے فورسز نے ندیم سمیت دیگر افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

بلوچستان سے فورسز کے ہاتھوں لوگوں کی گرفتاری اور نامعلوم مقام پر منتقلی کی خبریں اکثر میڈیا میں رپورٹ ہوتی ہے۔ بلوچ ہیومین رائٹس کونسل کے رپوٹ کے مطابق گذشتہ سال کی آخری مہینے میں بلوچستان سے 49 افراد جبری گمشدگی کا شکار ہوئیں۔

بی ایچ آر سی کے مطابق 49 افراد میں سے 21 بعد میں بازیاب ہوگئے جبکہ 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھی۔