میرے وطن، کفن اور قبر پر پہرے، یہی بلوچستان ہے – سردار اختر مینگل

941

میرے وطن سے لیکر کفن اور قبر تک پہرے ہیں، یہی تو ہے بلوچستان۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

کراچی میں کریمہ بلوچ کی نماز جنازہ ادا کرنے سے روکنے اور میت کو فورسز کے حصار میں نامعلوم راستوں سے بلوچستان منتقل کرنے کے رد عمل پر لوگ سماجی رابطوں کی سائٹ پر اظہار خیال کررہے ہیں۔

بی این پی رہنماء نے اسی مناسبت سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میرے وطن پر پہرے، میری سوچ پر پہرے، میری زبان پہ پہرے، میرے کفن پر پہرے، میری قبر پہ بھی پہرے، یہی تو ہے بلوچستان

واضح رہے کریمہ بلوچ کی میت بلوچستان کی حدود میں پہنچ چکی ہے تاہم ضلع کیچ میں آج صبح سے موبائل سروس معطل ہے۔

صحافی کیّا بلوچ نے لکھا کہ تمپ اور گردنواح کے علاقوں میں لوگوں کو تدفین کے عمل میں شامل ہونے سے روکنے کے لئے مقامی حکام کورونا وائرس کو بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کریمہ بلوچ کے آبائی گاؤں میں انٹرنیٹ سروسز اور موبائل نیٹ ورک معطل ہے۔ بلوچستان میں قوم پرستوں کے جنازوں سے روکنے کا عمل نیا نہیں ہے۔