لاشیں دفنانے کے بعد کوئٹہ آونگا، دنیا میں کہیں وزیر اعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا، عمران خان

189

 

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں مارے جانے والے ہزارہ برادری کے دس کان کنوں کے لواحقین ان کی تدفین کر دیں تو وہ آج ہی کوئٹہ چلے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے آج بروز جمعہ کو سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے اجرا کے موقع پر ایک خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ تدفین کے لیے وزیر اعظم کے آنے کی شرط رکھنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے کوئٹہ آنے کے مطالبے پر کہا کہ پھر ہر کوئی (مجھے) وزیر اعظم کو بلیک میل کرتا رہے گا

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پوری طرح ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے.

انہوں نے کہا کہ جتنا ظلم ہزارہ برادری پر ہوا پاکستان میں کسی پر نہیں ہوا، نائن الیون کے بعد ہزارہ برادری کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا۔

حسب روایت انہوں ایک مرتبہ پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’بھارت پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال 3 جنوری کی شب بلوچستان کے ضلع بولان کے تحصیل مچھ کے علاقے میں مارے جانے والے ہزارہ برادری کے دس کان کنوں کے لواحقین گذشتہ چھ روز سے کوئٹہ میں میتیں رکھے دھرنا دیے ہوئے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم ان سے ملاقات کریں۔