تربت میں سرکاری اسکول کی عمارت کے لیے چندہ مہم

418

ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے یونین کونسل بل نگور میں گورنمنٹ مڈل اسکول کپکپار میں بلڈنگ نہ ہونے کے سبب سردی اور گرمیوں کے موسم میں بچے کھلے آسمان تلے کلاس لینے پر مجبور ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ اسکول کی عمارت ایک سے زیادہ مرتبہ ٹینڈر کی گئی تھی اور ان کے پیسے بھی منظور کیے گئے تھے مگر عمارت کی تعمیر ہر بار التواء کا شکار رہی۔ سرکار سے مایوس ہوکر اسکول کی عمارت کی تعمیر کے لیے کچھ دنوں سے سماجی کارکنوں کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت چندہ مہم شروع کردیا گیا ہے۔

اس بارے میں سوشل میڈیا پر باقاعدہ چندہ مہم برائے مڈل اسکول کپکپار کے ٹرینڈ چلائے گئے ہیں۔ اس مہم کے متحرک رکن گوادر سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن بالاچ قادر ہے جن کی جدوجہد سے اسکول کی عمارت کی تعمیر کے لیے کچھ چندہ جمع کیا گیا ہے۔

کسی بھی علاقے میں سرکاری اسکول کی عمارت تعمیر کرانے کے لیے سماجی سطح پر چندہ مہم چلانے کا یہ انوکھا واقعہ ہے۔

حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آسکی ہے۔