بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم شروع

102

بھارت نے دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی ہلاکتوں کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دس کروڑ کے قریب پہنچ  چکی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے  افراد کی تعداد بیس لاکھ انیس ہزار سے زائد ہے۔ دسمبر سن دو ہزار انیس میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والی یہ وبا اب دو سو تئیس ممالک کو اپنی لپیٹ میں لی چکی ہے۔

 بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ہفتے کے دن نئی دہلی کے ایک سرکاری ہسپتال میں سب سے پہلے ایک ہیلتھ ورکر کو ویکیسن لگائی گئی۔

اس مہم کے تحت بھارت کی ایک اعشاریہ تین بلین آبادی میں سے تین سو ملین افراد کو وسط جولائی تک یہ ویکیسن لگائی جائے گی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے نشریاتی خطاب میں اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک نے ابھی تک اتنی بڑی مہم شروع نہیں کی ہے۔ بھارت اس عالمی وباء سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور عالمی سطح پر یومیہ سات لاکھ سے زائد افراد اس نئی قسم  سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کے  طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کووڈ کی نئی قسم مزید تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

امریکا میں بیماریوں کی روک تھام کے وفاقی ادارے سی ڈی سی کے مطابق سردیوں میں کووڈ کے زیادہ کیس سامنے آنے کی وجہ سے ملکی نظام صحت سخت مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔

اس صورتحال میں عالمی ادارہ صحت نے اپیل کی ہے کہ کووڈ ویکسین لگانے کے عمل میں تیزی لائی جائے تاہم ویکیسن بنانے والی امریکی کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ جنوری میں ویکسین کی سپلائی میں سستی پیدا ہو گی۔