جامعہ کراچی کے باہر دستی بم حملہ، رینجرز اہلکار زخمی

572

سندھ کے مرکزی شہر کراچی میں جامعہ کراچی شیخ زید گیٹ کے قریب دستی بم حملے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملہ شیخ زید اسلامک ریسرچ سینٹر کے باہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کریکر حملہ جامعہ کراچی شیخ زید گیٹ کے قریب کیا گیا، حملے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

خیال رہے قبل ازیں کلفٹن میں بلاول ہاؤس سے متصل چائنا ٹاؤن ریسٹورنٹ کی گاڑی پر موٹرسائیکل سوار مقناطیسی ڈیوائس لگا کر فرار ہوگئے، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔

کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک ٹو میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان بلاول ہاؤس کے قریب چائنا ٹاؤن ریسٹورنٹ کی چلتی گاڑی پر مقناطیسی ڈیوائس لگا کر فرار ہوگئے، اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 15 پر اطلاع ملی تو پولیس فوراً وہاں پہنچی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا اور علاقے کو سیل کردیا گیا۔

ایس ایس پی ساوتھ کا کہنا تھا کہ گاڑی میں چائنا ٹاؤن کے ریسٹورنٹ کے ملازمین سوار تھے اور ڈیوائس دھماکہ کے لئے لگائی گئی تھی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ایک کلو سے زائد بارودی مواد موجود تھا، ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر ریاض نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔