بلوچستان یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اور ایم فل کے داخلہ ٹیسٹ منسوخ

912
فائل فوٹو

جامعہ بلوچستان میں حالیہ دنوں ہونے والے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے داخلہ ٹیسٹ منسوخ کرکے این ٹی ایس کے ذریعے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کرلیا جس سے  جلد ہی امیدواروں کو مطلع کردیا جائے گا۔

جامعہ بلوچستان کے حکام نے بتایا کہ جامعہ میں یکم اور 2 نومبر 2020 کو 14 شعبہ جات میں پی ایچ ڈی اور 18 میں ایم فل/ایم ایس کے داخلے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سیکڑوں امیدواروں نے حصہ لیا تھا البتہ داخلہ ٹیسٹ میں بیشتر امیدوار امتحان کو پاس نہیں کرسکے جب کہ کئی ایک شعبہ جات میں داخلہ ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کی اطلاعات بھی ملیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کے بعد داخلہ ٹیسٹ کے نتائج مشکوک ہوگئے جب کہ متعدد امیدواروں کے پاس نہ ہونے کی وجہ سے کئی شعبہ جات میں کلاسیں شروع کرنے کے لیے کم از کم طلباء کی مطلوبہ تعداد بھی حاصل نہیں ہوپار ہی تھی جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم اور 2 نومبر کو ہونے والے ٹیسٹ اور ان کے نتائج کو منسوخ کرکے این ٹی ایس کے ذریعے دوبارہ ٹیسٹ لیے جائیں گے اور نئے ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔