اورماڑہ، ہرنائی ٹریفک حادثات، 4 افراد زخمی

247

بلوچستان کے علاقے اورماڑہ اور ہرنائی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گوادر کے علاقے اورماڑہ میں پک اپ گاڑی ماکولہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

گوادر سے اورماڑہ جانے والی پک اپ سبزیوں سے لدی ہوئی تھی، ٹائڑ پھٹنے کے باعث ماکولہ کے قریب الٹ گئی۔ گاڑی میں سوار کریم بخش سکنہ گوادر اپنے دو بیٹوں سمیت زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔

دریں اثناء ہرنائی سے کوئٹہ جاتے ہوئے ٹماٹر سے لوڈ ڈاٹسن شاہرگ کے علاقے امبو کے مقام پر ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے باعث ڈاٹسن ڈرائیور شدید زخمی ہوا ہے۔

زخمی ڈرائیور کا تعلق زیارت سے بتایا جاتا ہے۔ جس کو فوری پر ہستپال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں روزانہ کئی افراد زخمی ہوتے ہیں اور متعدد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

گذشتہ روز دارالحکومت کوئٹہ میں نواں کلی محافظ کالونی کے مقام پر پانی کا ٹینکر ٹریکٹر سے ٹوٹ گیا جسکی زد میں آکر کمسن بہن اور بھائی جاں بحق ہوگئے۔ جان بحق ہونے والوں یں 18 سالہ احمد اللہ ولد حاجی اکرم کاکڑ اور 6 سالہ بی بی عاصمہ ولد حاجی اکرم کاکڑ سکنہ نواں کلی شامل ہے۔

بلوچستان میں ٹریفک حادثہ کی ایک بڑی وجہ مرکزی شاہراوں کا سنگل ہونا بتایا جاتا ہے جبکہ ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل نہیں کرنا بھی ان وجوہات میں شامل ہے۔ تاہم حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے کہ وہ قوانین پر عمل در آمد کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔