ہمارا مقصد معاشرے کو علم و شعور کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے – ایس ایس ایف

537

ایس ایس ایف کی جانب سے خضدار میں یونٹ باڈی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج خضدار کا باقاعدہ یونٹ باڈی تشکیل دیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایس ایف کے چیئرمین فضل یعقوب بلوچ، سیکرٹری جنرل قدیر شیخ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل فیاض احمد سناڑی سمیت سینئر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مرکزی قائدین نے کارکنان کو تنظیم کا دائرہ کار، تظیمی سرگرمی اور اغراض و مقاصد سے تفصیلی آگاہ کیا۔ تنظیم کے چیئرمین فضل یعقوب بلوچ نے تنظیمی پالیسی، تنظیمی اصول، تنظیمی رویوں اور کارکنان کی ذمہ داری پر تفصیل سے گفتگو کی۔

اجلاس سے چیئرمین فضل یعقوب بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمیں وہ درسگاہ ہیں جہاں سے ہماری نصابی اور غیر نصابی تربیت ہوتی ہے۔ نصابی اس طرح کہ ہم تعلیم کی اصل مقصد سے روشناس ہوتے ہیں اور غیر نصابی اس طرح کہ ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہمیں نصاب کے علاوہ بھی پڑھنے کی ضرورت ہے جہاں سے ہم اپنے معاشرے کی بہتری اور ابتری کی نشاندہی کرکے اسکی اصلاح کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم ہی وہ واحد شے ہے جہاں سے کسی عام شخص کو اس کی ذاتی اور قومی فرائض سے آگاہی ملتی ہے۔ ہماری جدوجہد یہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے کو علم اور شعور کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ ہم دنیا کے ساتھ ہر میدان میں مقابلہ کرسکیں۔

یونٹ کے عہدے داروں اور ممبران سے سیکرٹری جنرل قدیر شیخ نے مخاطب ہوکر کہا کہ دنیا میں شازونادر انسان کو اس کی زندگی میں موقع ملتا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کی مدد کرے مگر یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسا موقع ملا ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی علم و شعور کی میدان میں آسانی پیدا کرکے رہنمائی کریں۔

اجلاس میں ایک سیشن سوالات کا ہوا۔ اجلاس کے آخر میں چیئرمین فضل یعقوب بلوچ نے یونٹ کابینہ سے حلف لی۔ اجلاس میں یونٹ کابینہ تشکیل دی گئی جس میں صدر شعیب بلوچ، سیکریڑی ارسلان بلوچ، ایجوکیشنل سیکریٹری گل بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری انعام الحق، فنانس سیکریٹری محمد وسیم منتخب ہوگئے۔