پشتون تحفظ موومنٹ کا میرانشاہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ

563
 پشتون تحفظ موومنٹ نے  شمالی وزیرستان کے مرکزی شہر  میرانشاہ میں  عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

پی ٹی ایم جلسے سے تحریک کے رہنماء منظور پشتین،  محسن داوڑ اور علی وزیر کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، اے این پی کے سابق رہنماء افراسیاب خٹک اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔

جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی ایم کے اراکین دور دور سے گاڑیاں بھر کر میرانشاہ پہنچے تھے اور انہوں نے سفید و سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔
پاکستانی میڈیا میں پی ٹی ایم کے جلسے اور پریس کانفرنسیں دکھانے پر غیر اعلانیہ پابندی ہے، تاہم سوشل میڈیا پہ جلسے کی تصاویر ، ویڈیو اور خبریں بھرپور انداز میں شیئر کی گئی ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  منظور پشتین نے کہا، وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ پی ٹی ایم ختم ہو گئی ہے وہ آج یہاں آ کر دیکھیں تو انہیں ہر طرف پی ٹی ایم ہی نظر آئے گی۔
 اپنے خطاب میں پی ٹی ایم رہنماء محسن داوڑ نے کہا کہ یہ عظیم الشان جلسہ ایک عوامی ریفرنڈم ہے، جس میں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کا لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ آئندہ ریاست کے کسی کھیل میں استعمال ہونے کے لیے تیار نہیں۔
اس موقع پر شرکاء نے شہریوں کی  جبری گمشدگیوں، قتل اور زیادتیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عسکری اداروں سے آئین و قانون کی پاسداری کا مطالبہ کیا۔
پاکستان میں فوجی اور کئی دیگر حلقے پی ٹی ایم پر الزام لگاتے آئے ہیں کہ اسے افغانستان اور بھارت کی حمایت حاصل ہے اور یہ تنظیم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
پی ٹی ایم ان الزامات کو سرکاری پروپیگنڈہ قرار دے کر رد کرتی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی آئین میں دیے گئے شہری حقوق کے لیے پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے والے اپنی عوام دشمن پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔
پی ٹی ایم کا مطالبہ رہا ہے کہ ریاستی زیادتیوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ملے، جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے اور حالات میں بہتری کے ایک مصالحتی کمیشن قائم کیا جائے۔