سعودی عرب: یورپی سفارتکاروں کی موجودگی میں تقریب میں دھماکا

345

سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں ہونے والے بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بم دھماکے کے وقت قبرستان میں جنگ عظیم اول کے اختتام کی یاد میں تقریب جاری تھی جس میں فرانسیسی قونصل خانے کے اہلکار سمیت متعدد یورپی ممالک کے قونصلر اور سفارتی اہلکار موجود تھے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور یہ ایک نصب شدہ بم تھا۔

فرانس کی جانب سے بم حملے کو بلا جواز اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

یونانی حکام کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاگیا ہےکہ دھماکے میں ایک یونانی شہری سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

قبرستان میں جنگ عظیم اول کے اختتام کی یاد میں تقریب جاری تھی، دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں— فوٹو: سوشل میڈیا

سعودی حکومت کی جانب سے واقعے سے متعلق کسی قسم کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں ۔

خیال رہے دنیا کے متعدد ممالک میں جنگ عظیم اول کے خاتمے کے لیے جرمنی اور دیگر اتحادی ممالک کے درمیان 102 سال قبل ہوئے امن معاہدے کی یاد میں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔