دو اشخاص کے نکل جانے سے کوئی تنظیمی نقصان نہیں ہوا – ن لیگ

217

مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پارٹی چھوڑنے اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے سینیٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ ثنااللہ زہری نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے خلاف جلسہ عام میں سخت زبان بھی استعمال کی ہے۔ اب اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

پارٹی کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا ردعمل میں کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن بلوچستان کی مکمل تنظیم اپنی جگہ کھڑی ہے، دو اشخاص کے نکل جانے سے کوئی تنظیمی نقصان نہیں ہوا، ثنااللہ زہری تو دو سال سے غیر فعال ہوچکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ثنااللہ زہری تو خود پارٹی کے سامنے شرمندہ تھے کہ اپنی حکومت کا دفاع نہ کرسکے، ان کےہاتھوں اپنی حکومت ٹوٹ چکی تھی جس پر پارٹی نے ان کی سرزنش کی تھی، ثنا اللہ زہری نے پارٹی کو چھوڑا ہے تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلوچ اور ثنا اللہ زہری نے بات سامنے رکھ دی کہ اصل جھگڑا اسٹیج پر کرسی نہ ملنے کا تھا، ن لیگ جو تحریک چلارہی ہے وہ کسی سردار یا نواب کی اسٹیج پر کرسی سے بڑی ہے، مسلم لیگ ن کو اس طرح کے رویوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) میں اختلافات اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  کے 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسہ عام کے بعد سامنے آئے تھے۔