بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اور بی ایس او کی طلباء مارچ کے حوالے سے نشست

318

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بلوچ اسٹوڈنٹس کاونسل اسلام آباد کے ساتھ ایک نشست ہوئی، جس میں متعدد معاملات زیر بحث رہیں، اس مرحلہ وار بحث کے اختتام پر باہمی رضا مندی سے مختلف معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طویل گفت و شنید اور مباحثہ کے باعث مشترکہ تنظیمی و قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بی ایس او نے طلباء مارچ کی تیاریوں کیلئے حال ہی میں تشکیل دی گئی اسلام آباد کی ورکنگ باڈی کو تحلیل کرتے ہوئے مارچ کو بلوچ کونسل اسلام آباد کی بحث میں شامل کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں بی ایس او کے تمام ممبران پہلے کی طرح بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد میں اپنے متعلقہ اداروں کی ذیلی کونسلز میں اپنا بھرپور کام جاری رکھیں گے اور بلوچ قوم کی خدمت میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے رہیں گے۔

اس حوالے سے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بی ایس او اتحاد و اشتراک عمل پر یقین رکھتی ہے اور بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل کے اس مکالمے کے عمل کو بیحد سراہتی ہے اور بلوچ طلبہ کے حقوق اور بہتری کی جہد میں اسے ایک مثبت پیش رفت سمجھتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں اطراف نے اس باہمی رضا مندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ گفت و شنید اور اتفاق کے اس عمل کو مزید توانا و مضبوط کیا جائے گا۔