پنجگور میں سی پیک روڈ پر گاڑیوں میں تصادم، 10 افراد زخمی

593

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سی پیک روڈ پر دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔

ٹریفک حادثہ چتکان کے علاقے میں پیش آیا جہاں گوارگو کے لوکل منی بس اور ایرانی ساختہ پک اپ میں تصادم ہوا۔

زخمیوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء ایک اور ٹریفک حادثہ دارالحکومت کوئٹہ کے قریب دشت تیرا میل میں پیش آیا جہاں کار حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

خیال رہے آج بلوچستان میں چار ٹریفک حادثات تاحال رونماء ہوچکے ہیں جن میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق اور تیرا افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثات خضدار، اورماڑہ، پنجگور اور کوئٹہ میں پیش آئے ہیں۔

واضح رہے روزانہ کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں روڈ حادثات کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوتے ہیں جبکہ اکثر علاقوں میں صحت کے مراکز اور سہولیات کی کمی کے باعث حادثات میں زخمی افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔