شیخ خلیفہ ہسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں – وائی ڈی اے

285

شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال کے کورونا آئسولیشن وارڈ میں ہسپتال ملازمین مافیا کی جانب سے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں – سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان

سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کے جاری کردہ ایک مذمتی بیان کے مطابق شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال کے ملازمین پر مشتمل ایک ٹولہ جوکہ ایک مافیا کی شکل اختیار کرچکا ہے آج کورونا آئسولیشن وارڈ میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر پر تشدد کرنے میں ملوث رہا ہے جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، مافیا ٹولے کے بیس ملازمین کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والے ڈاکٹر کی ایم ایل سی کاٹ دی گئی ہے، چوبیس گھنٹے کے اندر اندر اگر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ملوث ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا گیا تو پورے بلوچستان کیلئے آئندہ کا احتجاجی لاءعمل مرتب کیا جائے گا۔

چیئرمین سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ڈاکٹروں کی عزت نفس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

ان کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کو مافیاز سے پاک کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاکہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنائی جاسکیں۔

چیئرمین سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے مزید کہا کہ 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد ملوث ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کیا گیا تو آئندہ کے احتجاجی لاء عمل کی تمام تر ذمہ داری ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت پر عائد ہوگی۔