سترہ اکتوبر کو سندھ اور بلوچستان کےجزائر پر وفاق کے قبضے کےخلاف احتجاج اور 18 اکتوبر کو کراچی میں منعقد ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کےجلسہ عام میں نیشنل پارٹی بھرپورشرکت کرےگی ۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نے این پی سندھ وحدت کے اجلاس سےخطاب کرتےہوئےکیا۔
اجلاس کی صدارت این پی سندھ کے صدر تاج مری نےکی۔
جان محمد بلیدی نےکہا تحریک انصاف کی حکومت نےمسلمہ جمہوری اصولوں کوپامال کرتے ہوئے ملک میں بدترین ڈکٹیٹرشپ کوقائم کر رکھا ہے بدامنی، لاقانونیت، بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کازندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے، معیشت ملکی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے، ملک اندرونی اور بیرونی قرضوں کے پہاڑ تلے دبا دیا گیا ہے،اس بدترین صورت حال میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی یہ زمہ داری بنتی ہےکہ وہ عوام کوظلم وستم کےاس دور سے نجات دلائیں ۔
انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ( پی ڈی ایم) نےگجراں والا کے جلسے سے تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔
،اٹھارہ اکتوبر کوکراچی میں پی ڈی ایم کاعظیم الشان جلسہ عام شام 6 بجے باغ جناح میں منعقدہوگا،ا س جلسے سے نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ سمیت متحدہ حزب اختلاف کےرہنماخطاب فرمائیں گے،جلسہ عام میں شرکت کےلیےنیشنل پارٹی کی ریلی مرکزی صدر ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی قیادت میں4بجےحسن اسکوائرسےجلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوگی۔
سترہ اکتوبرکووفاق کی طرف سےسندھ اوربلوچستان کے جزائر پرقبضے کے خلاف دن کے 2بجے کراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
نیشنل پارٹی کےسیکریٹری جنرل نے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اورکراچی میں موجود مرکزی رہنمائوں کوہدایت کی ہے وہ ان دونوں پروگراموں کو کامیاب بنانےکےلیےوقت کی پابندی کے ساتھ اپنی شرکت کویقینی بنائیں۔
اجلاس سے مجیدساجدی، مخدوم ایوب قریشی، کامران خان، کامریڈمول چند، حسن ناصر،غلام نبی، حمید ،ارشد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔