بلوچستان میں تعلیمی سرگرمیوں کو منجمد کرنے کی سازش ہورہی ہے – ڈاکٹر نواب بلوچ

201

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا پانچواں مرکزی اجلاس زیر صدارت مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ منعقد ہوا جس میں سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کا لائحہ عمل کے ایجنڈے پر سیر حاصل بحث کے بعد اہم تنظیمی فیصلے لیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ نے طلباء سیاست کی اہمیت پر طائرانہ نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ طلباء سیاست ہر طلباء کا آئینی حق کے ساتھ معروض کی نمایاں ضرورت ہے. طلباء سیاست ہی وہ واحد عمل ہے جس سے طالبعلم اپنے حقوق سے آشنا ہو کر اور عملی جدوجہد کے راستے کو بروئے کار لاتے ہوئے جمہوری حقوق حاصل کرسکتے ہیں. کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ طالبعلم کسی قوم کے عروج و زوال میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ایسے معاشرے جہاں طالبعلم سیاسی جمود کا شکار ہوں تنزلی اُن کا مقدر بن جاتا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے موجودہ تعلیمی زبوں حالی اور انتظامیہ کی بے حسی کو زیر بحث لاتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان میں تعلیمی صورتحال نہایت ہی ابتری کا شکار ہے اور ایک منظم منصوبے کے تحت بلوچستان میں تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مختلف نفسیاتی ہتکھنڈوں کو اپناتے ہوئے تعلیمی اداروں میں علمی سرگرمیوں کو منجمند کیا جارہا ہے جس کی واضح مثال حالیہ رونما ہونے والے واقعات ہیں۔ جامعہ بلوچستان میں خفیہ کیمروں کے ذریعے طالبعلموں کو ہراساں کرنے اور احتجاجی ریلی نکالنے پر طالبعلموں پر لاٹھی چارج کرکے سلاخوں کے نظر کرنے کیساتھ طالبعلموں کی جبری گمشدگی جیسے واقعات طالبعلموں میں خوف و ہراس پھیلا کر انہیں علمی و سیاسی جدوجہد سے دور کرنے کے مترادف ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے واحد میڈیکل یونیورسٹی میں متعصب وائس چانسلر کی تعیناتی اور تعلیم دشمن پالیسیوں پر عملدر آمد کر کے سینکڑوں کی تعداد میں طالبعلموں کی حق تلفی کرنے کی کوشش کی گئی جس کے خلاف طالبعلموں نے مشترکہ طور پر جدوجہد کر کے تعلیم دشمن پالیسیوں کو ناکام بنایا۔ پنجاب کے جامعات میں بلوچستان کے طلبا کے لیے مختص نشستوں میں تسلسل کیساتھ کمی اور سکالرشپس کا خاتمہ اِن تعلیم دشمن پالیسیوں ہی کی کڑی ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان بلوچ نے بلوچ طلباء سیاست میں جدت پر کہا کہ بلوچ طلباء سیاست میں جدت معروضی حالات کا تقاضا ہے جہاں ایک طرف تعلیمی اداروں میں انتظامیہ کی جانب سے متعصبانہ تعلیمی پالیسیاں تسلسل کیساتھ جاری ہیں تو دوسری جانب بلوچ طلباء بھی ان جابرانہ پالیسوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور آئے روز نِت نئے مشکلات و مصائب کا سامنا کرنے کے باوجود علم و شعور سے رخ نہیں موڑنا بلوچ نوجوانوں کی علمی حوالے سے مستقل مزاجی کی دلیل ہے۔ آج بلوچ قوم ایک تاریخی دور سے گزر رہا ہے اور طالبعلموں کا اس تاریخی دور میں کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ علم و زانت سے آشنائی کےلیے بلوچ نوجوان کبھی بولان میڈیکل کالج کی نجکاری کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہے تو کبھی سکالرشپس کی بحالی کےلیے ملتان کے سڑکوں کو اپنا مسکن بنایا۔ بلوچ نوجوانوں کا یہ جدوجہد بلوچ قوم کےلیے ایک روشن مستقبل کا ضامن ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی ہمیشہ یہ کاوش رہی ہے کہ وہ بلوچ طلباء مسائل کی حل کی تکمیل کے لئے صف اول کا کردار ادا کرے اور طلباء مسائل کے حل کےلیے جہد تسلسل کا راستہ اپناتے ہوئے طالبعلموں کو ایک تعلیم دوست ماحول مہیا کرے۔ کسی بھی طلبا تنظیم کی اولین ترجیح اراکین کی سیاسی، سماجی اور شعوری تربیت ہے جس کےلیے تنظیم کی جانب سے ایک واضح پروگرام کے تحت عمل پیرا ہو کر تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جدید عہد علمی و ادبی جدوجہد کا تقاضا کرتی ہے کیونکہ علم دشمن عناصر آئے روز نت نئے حربوں کے تحت مختلف پالیسیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان حالات میں تنظیم کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ وہ اپنے کارکنوں کی اس قدر سیاسی تربیت کرے کہ راستے میں حائل تمام مصائب کا ڈٹ کر سامنا کر سکیں۔ کتب بینی ہی وہ واحد عمل ہے جو کسی بھی نوجوان کو علمی اور فکری حوالے سے پختہ کرکے جہدوجہد میں ایک کردار بناتا ہے اسی اثناء میں تنظیم کی جانب سے کتاب کلچر کے فروغ کےلیے مختلف اضلاع میں بُک سٹال کا اہتمام کیا گیا اور اس حوالے سے سیمینارز منعقد کی گئیں۔ سیاسی و شعوری حوالے سے تربیت تنظیم کی اولین ترجیح ہے جس کےلیے تسلسل کیساتھ مختلف پالیسیوں کو بروئے کار لاکر پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش جاری ہے۔

اجلاس میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی حیدر اور کوئٹہ زون کے جنرل سیکرٹری اشفاق بلوچ کی معطلی کے دورانیے میں مسلسل تنظیم میں انتشار پھیلانے، تنظیم میں دھڑا بازی کےلیے جدوجہد کرنے، تنظیمی عہدیداران کیخلاف بے بنیاد الزام تراشی اور تنظیم کیخلاف منفی پروپیگنڈا کا حصہ ہونے کی وجہ سے بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے تنظیم یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ تنظیم میں تنقید تنظیمی اراکین کا آئینی و بنیادی حق ہے مگر تنقید کے نام پر انتشار، الزام تراشی، گروہ بندی اور پراپیگنڈہ کسی بھی صورت نا قابل قبول ہے۔ تنظیمی آئین تمام اراکین پر برابر لاگو ہوتا ہے اور آئین سے روگردانی کی صورت میں تنظیم کسی بھی رکن کیخلاف فیصلہ لینے کا مجاز ہے۔ اسی اثناء میں معطلی کے وجوہات اور معطلی سے لے کر فارغ کرنے کے دورانیے تک مذکورہ ارکان جن غلطیوں کا مرتکب ہوئے انہیں تفصیلی ڈرافٹ کی صورت میں تمام زونوں کو بھیج دیا گیا ہے۔

آٙئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈہ میں کتاب کاروان کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تمام زونوں میں بُک ڈونیشن کیمپ لگانے کا فیصلہ لیا گیا۔ مرکزی کمیٹی کی اکثریت کے صلاح مشورہ کے بعد مرکزی ورکنگ کمیٹی کے رکن خالد بلوچ کو مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا جبکہ کراچی زون کے جنرل سیکرٹری عارف بلوچ اور ڈیرہ غازی خان زون کے صدر اظہر بلوچ کو سنٹرل ورکنگ کمیٹی میں شامل کیا گیا۔