بلوچستان: دشت میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک

477

بلوچستان: دشت میں انسداد دہشتگردی فورس کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انسداد دہشتگردی فورس نے مستونگ کے علاقے دشت میں دہشتگردوں کی موجودگی پر ایک مکان پر چھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کے مقام پر دھماکوں کی آواز بھی سنائی دی گئی  جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے اور سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے خودکش جیکٹیں، دستی بم، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

 وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے سی ٹی ڈی حکام کے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دشت میں فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والا کالعدم تنظیم کا کمانڈر عبدالکریم کرد، آئی جی پولیس ہاؤس، سمنگلی ائیر بیس اور  خالد ائیر بیس سمیت کوئٹہ میں دہشتگردی کی بڑی وارداتوں میں ملوث تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اب تک افغانستان سے 30 خود کش حملہ آور بلوچستان لاچکا تھا اور بلوچستان حکومت نے اس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے رکھی تھی۔

میر ضیا لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی اداروں نے بہت بڑی کامیابی حاصل کرکے صوبے میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے، ہمیں پکڑے گئے کچھ دہشتگردوں سے دہشتگردی کے تھریٹ ملے تھے اور ان خطرات کے پیشِ نظر ہم نے پی ڈی ایم سے جلسہ منسوخ کرنے کے لیے کہا ہے۔

دوسری جانب نیوز کانفرنس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ ہمارے پاس دشت میں 6 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی، کارروائی میں 4 مارے گئے ہیں جب کہ دیگر 2 دہشتگردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں سے 2 خودکش جیکٹس، دستی بم، اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔