یونان:پناہ گزینوں کا سب سے بڑا کیمپ جل کر راکھ

305

یونان کے جزیرے لیسبوس میں پناہ گزینوں کے لیے قائم بڑے کیمپ موريا میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق کیمپ میں 70 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔

یونانی میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح سویرے کیمپ میں اچانک آگ بھڑکنے کے بعد وسیع پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کیمپ کو خالی کرانے کیلئے درجنوں گاڑیاں اور آگ بجھانے کیلئے 25 فائر فائٹرز بھیجے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر آتشزدگی کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں جن میں پناہ گزینوں کو پیدل میتیلین کی بندرگاہ کی سمت بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پناہ گزینوں کے حقوق کی علمبردار تنظیمم “اسٹینڈ بائی لیسفوس” نے ٹویٹر پر بتایا کہ پورا کیمپ جل رہا ہے، ہر چیز میں آگ لگی ہوئی ہے اور لوگ فرار کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں مگر جزیرہ کی مقامی آبادی نے کیمپ سے فرار ہونے والے افراد کو پڑوسی دیہات کا رخ کرنے سے روک دیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ کیمپ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ سے یونان پہنچنے والے ان پناہ گزینوں کیلئے قائم کیے گئے ہیں جو اپنے ممالک میں جاری جنگ یا غربت سے تنگ آکر غیرقانونی طور پر جان خطرے میں ڈال کر یونان پہنچ جاتے ہیں۔

ان میں سے جو لوگ خیریت سے یونان پہنچ جاتے ہیں تو انہیں پکڑ کر ان کیمپوں ٹھہرایا جاتا ہے جہاں گنجائش سے زیادہ لوگ رکھے گئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس کیمپ میں اس کی اصل گنجائش سے 4 گنا زیادہ لوگ رکھے گئے ہیں۔

ایک یونانی صحافی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ بنیادی طور پر یہ کیمپ 3 ہزار افراد کیلئے بنایا گیا تھا مگر اس وقت یہاں 13 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔ اب آگ نے سب کچھ جلا کر راکھ کردیا اور آج ان کے پاس سونے کیلئے جگہ نہیں ہے۔