چمن: پولیو ورکرز پر فائرنگ، لیویز اہلکار زخمی

104

چمن کے علاقے کلی حسن ٹھیکیدار میں نامعلوم افراد کی پولیو ورکرز پر فائرنگ سے سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکار زخمی ہوگیا۔

اسسٹنٹ کمشنر چمن ذکاء اللہ درانی کے مطابق پولیو ورکرز پر فائرنگ کا واقعہ اتوار 27 ستمبر کو پیش آیا۔ حملے میں پولیو ورکرز محفوظ رہے۔

اسسٹنٹ کشمنر کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے انسداد پولیو مہم میں کام کرنے والے خواتین پولیو ورکرز پر اس وقت فائرنگ کی گئی، جب وہ پولیو مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلا رہی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے سب سے پہلے فائرنگ خواتین پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات لیویز اہلکار پر کی، اور اسے نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزمان نے خواتین پولیو ٹیم پر بھی فائرنگ کی، تاہم وہ گھر کے اندر چھپ گئیں اور محفوظ رہیں۔

زخمی لیویز اہلکار کی شناخت محمد صادق کے نام سے کی گئی ہے، جسے ابتدائی طبی امداد کیلئے سول اسپتال چمن اور بعد ازاں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے پولیو ٹیم پر حملے کے بعد ضلع بھر میں پولیو مہم کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔