بلوچ آرٹسٹ و اینکر پرسن شاہینہ شاہین کے قتل اور قاتل کی عدم گرفتاری کیخلاف جسٹس فار شاہینہ شاہین کمیٹی کی جانب سے آج بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں شہید فدا چوک پر ایک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
بھوک ہڑتالی کیمپ میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کرکے شاہینہ شاہین کی بہن معصومہ بلوچ سے اظہارِ یکجہتی کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر شاہینہ شاہین کی بہن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کرکے سزا نہیں دی جائے گی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
تربت میں قائم بھوک ہڑتالی کمیپ میں بڑی تعداد میں خواتین شریک ہیں، جو شاہینہ شاہین کے قتل پر غم و غصہ کا اظہار کررہی ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچ آرٹسٹ و اینکر پرسن شاہینہ شاہین کو گذشتہ ہفتے مبینہ طور پر انکے شوہر نے قتل کیا تھا اور اس وقت بلوچستان میں اس قتل پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے اور مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہیں۔