حب ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ ہے – واپڈا

624

 شدید بارش کے بعد بھر جانے والے حب ڈیم کے بارے میں واپڈا نے خبر دار کیا ہے کہ کئی سال سے مرمت نہ ہونے کے باعث ڈیم کی دیواریں کمزور ہو چکی ہیں، فوری توجہ نہ دی گئی تو پانی کے بے تحاشہ دباؤ کے سبب ڈیم ٹوٹ بھی سکتا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق حب ڈیم  سے بجلی بنانے کا منصوبہ پاکستانی پارلیمنٹ میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد سے کھٹائی میں پڑا ہوا ہے ۔

چوبیس ہزار 300 ایکڑ کے وسیع رقبے پر محیط حب ڈیم کراچی کی 20 فیصد اور حب کی 100 فیصد پانی کی ضرورت پوری کرتا ہے، جو حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اپنی پوری گنجائش تک بھر چکا ہے۔

چیف انجینئر واپڈا محمد احتشام الحق کا کہنا ہے کہ یہ پانی 3 سال تک کراچی اور حب کی ضروت پوری کرنے کیلئے کافی ہے، لیکن برسوں سے مرمت نہ ہونے کے باعث لبالب بھرے ڈیم کے ٹوٹنے کا خطرہ بھی ہے۔

حب ڈیم کے ذریعے 1 اعشاریہ 4 میگاواٹ بجلی بنانے کے انتہائی سستے منصوبے کی تعمیر میں 18 ویں ترمیم رکاوٹ بن گئی ہے۔

واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ صرف 40 کروڑ روپے کا یہ منصوبہ صوبائی حکومتوں کی ترجیح نہیں۔

 دوسری جانب شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ   ڈیم بھر جانے کے بعد اب انھیں پانی نلکوں میں ملے گا اور  انہیں ٹینکر مافیا سے نجات مل جائے گی۔