وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ حب پل کی مرمت کا کام جلد شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج این ایچ اے حکام نے کراچی کو بلوچستان سے ملانے والے دریائے حب پر پل کا دورہ کیا۔این ایچ اے کے ممبر ویسٹ زون شاہد احسان اللہ،جنرل منیجر بلوچستان ساؤتھ شام سندر اور ڈائریکٹر مینٹی نینس او راین ایچ اے کے سینیئر افسران ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران شاہد احسان اللہ نے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) سکندر قیوم کو بتایاکہ دریائے حب پر پل کے سائٹ پر ایمرجنسی حفاظتی کام کرنے کیلئے ٹینڈر نوٹس ملک کے بڑے قومی اخباروں میں شائع ہوگیا ہے اور پیپرا رولز کے مطابق این ایچ اے کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔
چیئرمین این ایچ اے کو بتایا گیا کہ سٹرکچرکے اعتبارسے دریائے حب پر پل مضبوط اور مستحکم ہے اور یہ لوڈنگ برداشت کر سکتا ہے۔اور اس کے سٹرکچر کی مضبوطی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
حالیہ طوفانی بارشوں اور حب ڈیم سے پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے صرف تین Piers (Piers نمبر7،8 اور9)کی حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچا،تاھم ممبر ویسٹ زون نے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یقین دہانی کرائی کہ حب پل کے ساتھ حفاظتی کام 26 ستمبر تک شروع کردیاجائے گا اور اسے ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
چیئرمین این ایچ اے نے سختی سے ہدایت کی کہ پل سے متعلق تمام امور کی انجام دہی کو این ایچ اے کی سپیسی فکیشنزاورمعیار کے مطابق اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
جناب شاہد احسان اللہ نے چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) سکندر قیوم کو بتایا کہ کام کے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ این ایچ اے کے جنرل منیجر بلوچستان ساؤتھ اور ڈائریکٹر مینٹی نینس کام کی سختی سے نگرانی کریں گے۔
چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) سکندر قیوم نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو درخواست کی گئی ہے کہ حب پل کے نزدیک اور اس کے ارد گرد غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور دریائے حب سے ریت، مٹی اٹھانے پر پابندی عائد کی جائے۔
چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ہدایت کی کہ اس پورے سائٹ پر انٹری (Entry) اور ایگزٹ (Exit)کے مقامات پر خندقیں بنا دی جائیں تاکہ کوئی بھی ڈمپرز اور ٹریکٹرز سائٹ سے مٹی وغیرہ نہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے گا حب ندی سے غیر قانونی طور پر ریتی بجری نکالنے پر لسبیلہ کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے ہمیشہ احتجاج کیا ہے