پنجگور میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری

353
فائل فوٹو

پنجگور کے مختلف علاقوں میں گذشتہ دنوں سے فوجی آپریشن جاری ہے۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گچک اور گردونواح میں گذشتہ دنوں پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن کا آغاز کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔

فوجی آپریشن میں زمینی فورسز سمیت گن شپ ہیلی کاپٹر حصہ لے رہی ہیں۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گچک، چب جوانتاک، لوہڈی، پینکلانچ، گیڈو، گونی، گورکی سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں آپریشن کی جاری ہے۔ اس دوران گن شپ ہیلی کاپٹر مختلف علاقوں میں شیلنگ کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق چب جوانتاک میں فورسز نے عارضی کیمپ بھی قائم کردیئے ہیں۔ جبکہ فوجی آپریشن کو مزید وسعت دیکر ضلع واشک کے علاقہ راغے کے شمال مشرقی علاقوں شنگر، ملادونی، پیزگ اور گجلی تک پھیلایا گیا ہے۔

فوجی آپریشن کے دوران متعدد گھروں کو نذر آتش کیئے جانے اور کئی افراد کو حراست میں لینے کی اطلاعات موصول ہورہی ہے۔ تاہم آمد و رفت کے راستے بند ہونے اور مواصلات کی بندش کے باعث جانی اور مالی نقصانات یا گرفتاریوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

سرکاری حکام کی جانب سے مذکورہ علاقوں میں فوجی آپریشن کے حوالے سے تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔