مستونگ: فٹبالروں کی گاڑی حادثے کا شکار، تین جانبحق

157

حادثہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ بدرنگ کے مقام پر پیش آیا

بلوچستان کے ضلع مستونگ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق آج مستونگ میں کھڈکوچہ کے علاقے میں بدرنگ کے مقام پر مرکزی شاہراہ پر قلات سے مستونگ آنیوالے فٹبالروں کی ایک آلٹو کار اور ٹرک میں تصادم پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین فٹبالر جاں بحق ہوگئے، جنکی شناخت ماجد، عامر اور نور محمد کے نام سے ہوئے جبکہ دو فٹبالر عبدالمالک اور وسیم زخمی ہوگئے۔

لیویز فورس موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا۔

حادثے میں آلٹو کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، حادثے کا شکار ہونے والے آلٹور کار میں سوار افراد قلات کے رہائشی تھے اور فٹبال میچ کھیلنے قلات سے مستونگ آرہے تھے کہ بدرنگ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئے۔

بلوچستان میں خستہ حال و تنگ سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں، جس میں روزانہ متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور درجنوں افراد ہمیشہ کےلئے مفلوج ہوجاتے ہیں ۔

بلوچستان کے سماجی کارکن نجیب یوسف زہری کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف رواں سال ماہ جون میں مختلف علاقوں میں ٹریفک کے 949 حادثات رونما ہوئے تھے، جس میں 109 افراد جانبحق جبکہ 1433 زخمی ، جانبحق و زخمیوں میں سات خواتین اور چار بچے بھی شامل تھے۔